دبئی: پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے 2024 کے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کو 69 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہزیب خان نے 132 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ محمد ریاض اللہ نے بھی 106 رنز بنائے۔
یو اے ای کی ٹیم بڑے ہدف کے تعاقب میں 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز ہی بنا سکی، اور پاکستان نے یہ میچ 69 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو 43 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد اس کامیابی کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔