تشدد سے بڑھتی ہلاکتیں ، خواتین کے لیے ان کا گھر سب سے خطرناک جگہ قرار، اقوام متحدہ کی رپورٹ

03:31 PM, 2 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

نیویارک : اقوام متحدہ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ خواتین کے لیے ان کا گھر سب سے خطرناک جگہ بن چکا ہے۔ 2023 میں دنیا بھر میں 85 ہزار خواتین کو دانستہ طور پر قتل کیا گیا، جن میں سے 60 فیصد خواتین اپنے شریک حیات یا خاندان کے کسی فرد کے ہاتھوں ہلاک ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں روزانہ تقریباً 140 خواتین اور لڑکیاں اپنے شریک حیات یا خاندان کے کسی فرد کے ہاتھوں ہلاک ہوتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خواتین (یو این ویمن) کی نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ نجی اور گھریلو زندگی، جہاں خواتین کو سب سے زیادہ محفوظ ہونا چاہیے، وہاں وہ جان لیوا تشدد کا سامنا کرتی ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ یہ رپورٹ صرف ایک جھلک ہے کیونکہ تمام خواتین کی ہلاکتوں کو ریکارڈ نہیں کیا جاتا اور کئی علاقوں میں معلومات تک رسائی بھی نہیں ہوتی۔ یو این ویمن کی نائب ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ تمام اموات کو قتلِ نسواں کے طور پر درست طور پر درج نہیں کیا جاتا ہے۔

یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے 107 ممالک کے دستیاب اعداد و شمار پر مبنی ہے اور اسے یو این ویمن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے 25 ویں عالمی دن کے موقع پر مشترکہ طور پر جاری کیا۔

مزیدخبریں