پنجاب حکومت کا خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

 پنجاب حکومت کا خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کے لیے مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، جمعہ اور اتوار کو لاہور میں ٹرکوں، بسوں اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔

اینٹی اسموگ مہم کے تحت لودھراں، اوکاڑہ، وہاڑی اور سرگودھا میں چھ بھٹے گرائے گئے ہیں اور تین صنعتی یونٹس، ایک اسٹیل رولنگ مل، ایک ٹیکسٹائل یونٹ اور ایک چاول مل سیل کر دی گئی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی پڑتال کی گئی، جن میں سے 144 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔

مزید برآں، اسموگ رولز کی خلاف ورزی کرنے والی 64 ریت کی ٹرالیوں کو بند کر دیا گیا اور کمرشل جنریٹرز اور بار بی کیو پوائنٹس کا معائنہ کر کے خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس جاری کیے گئے۔ سڑکوں پر پانی چھڑکاؤ اور صفائی کے کام بھی جاری ہیں۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے اسموگ کے خاتمے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے اور یہ اقدامات 8 سے 10 سالوں میں اسموگ کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کے خلاف جنگ شہریوں کی زندگی کے تحفظ کی جنگ ہے۔

مصنف کے بارے میں