پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے کرم کے مسئلے پر قائم گرینڈ جرگے کے ممبران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف بھی موجود تھے۔
ملاقات میں کرم کے مسئلے کے حل کے لیے باضابطہ مذاکرات کے آغاز اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرگے کے ارکان نے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کرم کے معاملے کے پرامن حل کے لیے اپنی بھرپور کوششوں کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ جرگے کے اراکین کو علاقے میں مذاکرات کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم کے مسئلے کا پرامن اور پائیدار حل نکالا جائے گا۔ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری، سابق سینیٹر صالح شاہ، سابق سینیٹر سجاد خان، سابق وفاقی وزیر گلاب جمال، سابق گورنر کے پی انجینئر شوکت اللہ، سینیٹر عبدالرزاق اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔