سرکاری سکولوں میں تدریسی اوقات کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی

10:50 AM, 2 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: محکمہ تعلیم نے سرکاری سکولوں میں تدریسی اوقات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ 20 نکاتی گائیڈ لائنز کے مطابق، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ایجوکیشن افسران، اور سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

مراسلے کے مطابق، اساتذہ، طلبہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کو تدریسی اوقات میں موبائل فون بند کر کے ہیڈ ٹیچر کے پاس جمع کرانے ہوں گے۔ سکول کا سٹاف ڈریس کوٹ اور بند جوتے لازمی طور پر پہنے گا، جبکہ ٹیچرز اور طلبہ اپنے نام کا بیچ بھی لگائیں گے۔ طلبہ نیوی بلیو جرسی اور یونیفارم میں سکول آئیں گے۔

سکول کے مرکزی گیٹ پر اوقات کار کا بورڈ آویزاں کیا جائے گا، اور ہر کلاس کا ایک کلاس رپورٹر (سی آر) مقرر کیا جائے گا۔ سکول میں تین یا چار پینافلیکس پر مختلف تعلیمی نعرے لگائے جائیں گے۔ طلبہ رجسٹر کا استعمال کریں گے، اور وائٹ بورڈ پر حاضر و غیر حاضر طلبہ اور پڑھائے جانے والے مضمون کا خانہ درج ہوگا۔

اسکے علاوہ، طلبہ کے ناخن اور بال روزانہ چیک کیے جائیں گے، اور اساتذہ کو گھڑی پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سکول کی اسمبلی میں ہیڈ سمیت تمام اساتذہ کی حاضری لازمی ہوگی۔

مزیدخبریں