اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان، بالائی اور وسطی پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، گجرات ، لیہ، بھکر ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور ڈیرہ غازی خان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ اس دوران بارکھان، نصیر آباد، لورالائی، سبی، خضدار، کوہلو اور آوران میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوبہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں جیسے کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ، بونیر، کرم، وزیرستان، خیبر، باجوڑ اور مہمند میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران ہری پور، پشاور، کوہاٹ، کرک، مردان، نوشہرہ اور صوابی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی جارہی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔