اسلام آباد : سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں جاری سائفر کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے ۔
سماعت کے دوران عدالت میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بیان دیا کہ میں نے بطور وزیر اعظم اس معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا، اس میں شامل افراد طاقتور ہیں انہیں بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، اللہ کے سوا مجھے کسی کا ڈر نہیں، ہمیں بکریوں کی طرح بند کر دیا گیا جبکہ نواز شریف کو وہاں سے یہاں لے آئے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے صرف ملزمان کی حاضری لگا کر کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔
سماعت کے بعد پی ٹی آئی وکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے دو بار ٹرائل کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا اور فیئر ٹرائل نا ہونے پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا، میڈیا کے 50 سے زائد لوگ جیل کے باہر ہیں،صرف 3 لوگوں کو کارروائی دیکھنے کی اجازت ملی، جبکہ پبلک کے نام پر دس قیدیوں کو بھی سماعت کے دوران بٹھایا گیا۔