لاہور: نامور اداکار افضال احمد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔ افضال احمد برین ہیمبریج اور فالج میں مبتلا تھے۔
نیونیوز کے مطابق افضال احمد کوطبیعت خراب ہونے پر جنرل ہسپتال لاہور میں داخل کرایا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
افضال احمد نے 1968ء اور 2012ء کے درمیان 384 سے زائد فلموں میں کام کیا ۔ فلمی کیریئر کی شروعات پاکستانی لالی وڈ فلم ” دھوپ اور سویرا “ سے کی۔ جو 1968ء میں ریلیز ہوئی۔
ان کی مشہور فلموں میں ’’ہاشو خان، انسان اور گدھا، پہلاوار، خبردار، سدھا رستہ، سستا خون مہنگا پانی، بابل صدقے تیرے، شریف بدمعاش، وحشی جٹ، ہتکھڑی، شوکن میلے دی، دو سوہنی مہیوال، جیرا سائیں، حاجی کھوکھر، رنگا ڈاکو، گوگا شیر، وحشی گجر، قربانی، چن وریام، مفت بر، قانون شکن، چڑھدا سورج، دیس پردیس، لگان، عجب خان، غلامی، باغی سپاھی، یہ آدم، پتر جگے دا‘‘ اور ’’ریاض گجر‘‘ شامل ہیں۔
فلم انڈسٹری پر کئی عشروں تک راج کرنے والے افضال احمد نے جہاں فلموں میں اداکاری کے اَن مٹ نقوش چھوڑے ہیں وہاں ان کی تھیٹر کے لیے خدمات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستان میں تھیٹر کونئی جہت دی اور جدید تھیٹر روشناس کرایا۔ وہ پاکستانی سٹیج ڈراموں کو عالمی معیارتک لے جانے کے خواہش مند تھے مگر 22 نومبر 2001ء کو فالج کے حملے نے ان کی آواز کو متاثر کر دیا