راولپنڈی: عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی لازوال قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے حوالدار محمد شفیق وسطی افریقی ریپبلک میں امن خدمات کے دوران شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے حوالدار محمد شفیق نے وسطی افریقی ریپبلک میں جام شہادت نوش کیا۔ وہ اقوام متحدہ امن مشن میں خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حوالدار محمد شفیق کی نماز جنازہ آبائی گاؤں میاں چنوں میں ادا کی گئی ہے۔ شہید جوان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ حوالدار محمد شفیق نے پسماندگان میں اہلیہ اور 3 بیٹے چھوڑے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وسطی افریقی ریپبلک میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے والے پاکستانی دستے کے ایک بہادر اور سرشار رکن تھے۔ حوالدارشفیق فروری 2021 یواین مشن میں شامل ہوئے۔ اب تک پاک فوج کے 162 اہلکار بین الاقوامی امن اور استحکام کے لیے عالمی مشنز میں خدمات کے دوران شہید ہو چکے ہیں۔