اومی کرون نامی میوزک بینڈ بھی سامنے آگیا

اومی کرون نامی میوزک بینڈ بھی سامنے آگیا

لاہور:  دنیا بھر میں جہاں کوروناوائرس کے خطرناک ترین ویرئینٹ اومی کرون کے خطرات منڈلا رہے ہیں تو وہیں پر اس کے بارے میں نئے نئے انکشافات بھی سامنے آرہے ہیں ۔

امریکی جریدے ’رولنگ اسٹون‘ نے انکشاف کیا ہے کہ ’اومیکرون‘ صرف کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کا نام نہیں بلکہ ہانگ کانگ میں اسی نام کا ایک میوزک بینڈ بھی تھا۔

اگرچہ یہ زیادہ مشہور تو نہیں تھا لیکن راک میوزک میں ایک اچھا مقام ضرور رکھتا تھا۔ چار دوستوں، گلوکار لی ہینگ چین، کی بورڈسٹ ٹائیلر یوئنگ، ڈرمر ایلکس بیڈویل، اور سنتھیٹک گٹارسٹ ایڈم رابرٹشا کا بنایا ہوا اومیکرون بینڈ 2014 سے 2016 تک ہانگ کانگ کے کنسرٹس میں خاصا مقبول رہا۔

 امریکی جریدے  نے دعویٰ کیا ہے کہ اس گروپ کا اپنا ایک البم لانچ کرنے کا منصوبہ بھی تھا لیکن معاشی مسائل کی وجہ سے 2016 میں انہوں نے یہ بینڈ ختم کردیا اور الگ الگ ملکوں میں جا کر آباد ہوگئے۔

البتہ جب گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کا نام ’اومیکرون‘ رکھا گیا تو اس بینڈ کے ایک چاہنے والے نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اومیکرون بینڈ کی تعریف کرتے ہوئے اسے یاد کیا۔

یہ خبر جلد ہی لی ہینگ چین تک بھی پہنچ گئی جو آج کل آسٹریلیا میں مقیم ہیں اور ایک سیکنڈری اسکول میں پڑھا رہے ہیں۔

اتفاق سے وہ اور ان کے باقی ساتھی پچھلے ایک سال سے اپنا بینڈ دوبارہ شروع کرنے اور البم لانچ کرنے کےلیے ایک دوسرے سے رابطے میں تھے جبکہ اس دوران وہ اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیے گئے، اپنے کچھ گانے بھی جمع کرچکے تھے۔ موقع غنیمت جانتے ہوئے چین نے اپنے گانوں کی کچھ دھنوں کے حصے یوٹیوب پر ڈال دیئے ہیں ۔

یاد رہے کہ آج کل اومی کرون نامی ایک فلم کا بھی خوب چرچا ہے جس میں خلائی مخلوق انسانوں پر حکومت کی خاطر دنیا میں آتی ہے ۔ مذکورہ فلم میں انسانوں اور خلائی مخلوق کی آپس میں لڑائی دکھائی گئی ہے ۔