حرام کا پیسہ اللہ کی لعنت، زرداری اور نواز شریف پر عذاب نازل ہوتے دیکھا: وزیراعظم

Prime Minister, Imran Khan, Nawaz Sharif, Asif Zardari, Gilgit Baltistan Cabinet
کیپشن: وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ سے خطاب کر رہے ہیں

گلگت: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر سابق حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حرام کا پیسہ اللہ کی لعنت ہے، میں زرداری اور نواز شریف کو 30 سال سے جانتا ہوں، میں نے دونوں پر اللہ کا عذاب نازل ہوتے دیکھا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لیڈر میں دو خصوصیات صادق اور امین ہونا بہت ضروری ہے۔ سابق حکمران آصف زرداری اور نواز شریف جھوٹ بول کر کبھی لندن اور کبھی دبئی جاتے ہیں۔ گزشتہ روز بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار جھوٹ بول رہا تھا، اسے سب دیکھ رہے تھے۔ ذہنی دباؤ کیا ہوتا ہے، یہ کل اسحاق ڈار کے چہرے پر صاف نظر آ رہا تھا۔ ذہنی دباؤ انسان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے جلسوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ چوری بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں۔ عالمی وبا کورونا سے لوگ مر رہے ہیں لیکن یہ لوگ جلسے کر رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نئے اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گلگت بلتستان میں ایسی حکومت آئے گی جو نئے معیار قائم کرے گی۔ میں آپ کے علاقے اور آپ کے مسائل کو جانتا ہوں۔ ہم سب سے پہلے اس علاقے کی صوبائی حیثیت پر کام کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو ہم سے بہتر علم ہے کہ یہاں کون سے منصوبے بنانے ہیں۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے ہیلتھ انشورنس لے کر آ رہے ہیں۔ دس لاکھ روپے تک لوگ کسی بھی ہسپتال سے مفت میں علاج معالجے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کو ٹورازم حب بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ بدقسمتی سے کورونا کی وجہ سے یہاں زیادہ سیاح نہیں آ سکے۔ لوگوں کو اپنے گھروں کیساتھ گیسٹ روم بنانے کیلئے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ یہاں کے عوام کیلئے احساس پروگرام بھی لے کر آ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سکردو میں ڈیڑھ سو بیڈ کے ہسپتال پر کام جاری ہے جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے بہترین نظام سیلف گورننس کی وجہ سے قائم ہوتے ہیں۔ ہماری ترجیح کمزور طبقے کو ترجیح دینا ہے۔ ہم یہاں تین سو میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان سی پیک کے راستے میں ہے یہاں سب سے پہلا اکنامک زون بنائیں گے۔ گلگت بلتستان کو جس راستے پر ڈالیں گے اس سے یہاں کی عوام کی زندگی بدل جائے گی۔ ہائیڈروالیکٹرک پاور کیساتھ سپیشل اکنامک زون بنتا جائے گا۔