اسلام آباد: عوام کو سستی اشیا فراہم کرنے والے سرکاری ادارے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اپنا ٹریڈ مارک کو تبدیل کر دیا ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے نئے لوگو میں گہرے اور ہلکے سبز اور نارنجی رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ ٹریڈ مارک کی تبدیلی کو عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی جانب ایک اور قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اب ملک بھر میں موجود یوٹیلیٹی سٹورز کے بورڈ پر نیا ٹریڈ مارک آویزاں کر دیا جائے گا۔
یوٹیلیٹی سٹورز کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جنوری 2020ء سے لے کر دسمبر 2020ء چالیس اعشاریہ 28 ملین خاندانوں میں ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی گئی ہیں۔ ملک بھر میں تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سفید چنے 115 روپے، دال چنا 130 روپے کلو، چاول 140 روپے کلو، گھی کا پیکٹ 170 روپے کلو، آٹا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے اور چینی 68 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہی ہے۔
اس سلسلے میں ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر ابھی 10 سٹوروں پر پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) کا نظام تعینات کر دیا گیا ہے، جسے بعد ازاں پورے ملک تک پھیلا دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشنز نے ماہ رمضان میں بائیس ارب روپے کی فروخت کا ٹارگٹ حاصل کیا تھا، اب سو ارب روپے کی اشیا فروخت کرنے کا ٹارگٹ ہمارے پیش نظر ہے جسے رواں مالی سال کے اختتام پر پورا کر لا جائے گا۔
ادھر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشنز کے مینجنگ ڈائریکٹر نے امید ظاہر کی ہے کہ سرکاری ادارے کے نئے ٹریڈ مارک اور لوگو سے ہمارے ملازمین پر بھی اچھا اثر پڑے گا اور اس سے امید ہے کہ ہماری جانب سے اٹھائے گئے دیگر مثبت اقدامات سے ان کی کارکردگی میں بہتری نظر آئے گی۔