نوین الحق بد زبانی کی بجائے اپنے کھیل پر توجہ دیں، شاہد آفریدی کی افغان باؤلر کو نصیحت

10:13 AM, 2 Dec, 2020

کولمبو: لیجنڈ پاکستانی پلیئر شاہد آفریدی نے نوجوان افغان باؤلر نوین الحق کو نصیحت کی ہے کہ وہ بد زبانی کی بجائے اپنے کھیل پر توجہ دیں اور سینئر کھلاڑیوں کی عزت کریں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے گزشتہ روز افغان باؤلر کیساتھ جھگڑے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی کو میری نصیحت نہایت سادہ تھی کہ بد زبانی کرنے کی بجائے صرف اپنے کھیل پر دھیان دو۔

بوم بوم آفریدی نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے جاری پیغام کے ذریعے کی۔ انہوں نے لکھا کہ افغان کرکٹ ٹیم میں میرے بہت سے دوست ہیں جن کیساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مخالف ٹیم کیساتھ اچھا برتاؤ اور ان کی عزت افزائی کسی بھی کھیل کی بنیادی

روح ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لنکا پریمئیر لیگ کے ایک میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی محمد عامر اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے باؤلر نوین الحق کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی تھی۔ افغان باؤلر نے عامر کیساتھ بد زبانی کی تھی۔ محمد عامر گال گلیڈی ایٹرز جبکہ نوین الحق کینڈی ٹسکرز کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں میں اس وقت تلخ کلامی شروع ہو گئی جب محمد عامر نے نوین الحق کی بال پر انھیں چوکا جڑ دیا، اس پر افغان باؤلر بدتمیزی پر اتر آیا اور تلخ کلامی شروع کردی۔ محمد عامر نے اسے ترکی بہ ترکی جواب دیا اور پھر اگلے ہی اوور میں اپنا غصہ نکالتے ہوئے ایک زوردار چھکا بھی مار دیا۔

میچ ختم ہونے کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تکرار جاری رہی، جسے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔ میچ کے اختتام پر جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے مل رہے تھے تو اچانک شاہد آفریدی کی نظر افغان باؤلر پر پڑی تو ان کے تیور چڑھ گئے۔ بوم بوم آفریدی نے اس موقع پر نوین الحق سے بات چیت کی اور اسے اپنا رویہ درست کرنے کا کہا، جس کا ذکر بعد ازاں انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بھی کیا۔

مزیدخبریں