متحدہ قومی موومنٹ کی وارننگ،پانی کے مسئلے پر یہ چھوٹا سا مظاہرہ ہے

متحدہ قومی موومنٹ کی وارننگ،پانی کے مسئلے پر یہ چھوٹا سا مظاہرہ ہے
کیپشن: سکرین شاٹ

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت نے وارننگ دی ہے کہ کسی قانونی گھر کو نقصان پہنچا تو سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔


تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری آپریشن کیخلاف ایم کیو ایم نے احتجاج اور ناگن چورنگی پر مظاہرہ کیا، پانی کی کمی کے خلاف بھی نعرہ بازی جبکہ نوٹس نہ لینے پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کی دھمکی دی گئی۔

مظاہرے سے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ کوئی مائی کا لعل متحدہ کو ختم کر سکا اور نہ کوئی جھکا سکتا ہے، پانی کے مسئلے پر آج چھوٹا سا مظاہرہ کیا ہے اور ابھی دم پر پاؤں رکھا ہے۔ نوکریوں، گرفتاریوں اور ناانصافیوں کیخلاف بھی احتجاج کرینگے، تمہارے گریبانوں تک ہمارے ہاتھ ہونگے اور وقت آنے پر ایک ایک چیز کا حساب لیں گے

عامر خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ناجائز پتھارے ہٹانے کا حکم دیا تھا، لیکن سندھ حکومت نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ذریعے لوگوں کے گھروں کو مسمار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، میں سندھ حکومت کو کہتا ہوں کہ اگر کسی ایک گھر کو نقصان پہنچا تو سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم اور ہم سب کو سو دن مبارک ہوں لیکن دیکھنا ہوگا کہ ان سو دنوں کے اندر کراچی کو کیا ملا؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی نہیں مل رہا تو اختیار کیا ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کی آڑ میں لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر بنانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ جنہوں نے زمینوں پر قبضے کیے ان کا نوٹس بھی لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بدامنی منصوبہ بندی کے تحت کرائی جاتی ہے، کراچی کے لوگوں کو اختیار دیا جائے، ہمیں حق نہ ملا تو احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھا دیں گے۔