ابوظہبی :شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کے باعث پختونز نے ٹی ٹین لیگ کے فائنل میں جگہ بنا دی جبکہ ناردرن واریئرز نے میراٹھا عربینز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
شارجہ میں ٹی ٹین لیگ کے فائنل کے لیے کوالیفائر فائنل میچ پختونز اور ناردرن واریئرز کے درمیان ہوا جہاں ناردرن ویریئرز نے ٹاس جیت کر پختونز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پختونز کی جانب سے آندرے فلیچر اور کیمرون ڈیل پورٹ نے مایوس کن آغاز کیا تاہم کپتان شاہد آفریدی نے بہترین اننگز سے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔
فلیچر صرف 5 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، 45 رنز پر فلیچر بھی 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے تاہم شفیق اللہ نے 10 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم کولن انگرزم 11 رنز بنا کر آﺅٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔
شفیق اللہ کے بعد آخری آﺅٹ ہونے والے بلے باز لیام ڈاسن تھے جنہوں نے 2 چھکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔
کپتان شاہد آفریدی مشکل وقت میں جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کردیا اور صرف 17 گیندوں پر 3 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔
ناردرن کی جانب سے ولجوئین نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ناردرن واریئرز نے ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ریون رسل کی جارحانہ بلے بازی کی مدد سے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکی۔
لینڈل سمنز نے 24 رنز بنائے ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز پاول کا ساتھ نہ دے سکے اور دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے۔
پاول نے 35 گیندوں پر 4 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔
ناردرن واریئرز نے مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں پر 122 رنز بنائے اور میچ میں 13 رنز سے شکست ہوئی۔شاہد آفریدی کو اچھی کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔