افغان صوبے قندھار میں کار بم دھماکہ،37 جنگجو مارے گئے

11:09 AM, 2 Dec, 2018

کابل :پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان کے صوبہ قندھار میں خوفناک کار بم دھماکے میں 37 جنگجو مارے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی گورنر ہاؤس کے ترجمان عزیز احمد عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے صوبہ قندھار میں کار بم دھماکے میں 37 جنگجو مارے گئے۔

جنگجو مسلح ہو کر گاڑیوں میں سوار افغان پولیس چیک پوسٹ پر حملے کیلیے رواں دواں تھے کہ قافلے میں موجود ایک گاڑی میں بارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 37 جنگجو جاں بحق ہوگئے۔


افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکے میں 15موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ طالبان کی جانب سے کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔ ادھر افغان صوبے غزنی میں بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے 3 امریکی فوجیوں کی لاشیں امریکہ پہنچا دی گئی ہیں۔


امریکی پرچم میں لپٹے ہوئے ان تابوتوں کو لے کر ایک خصوصی پرواز ڈیلاویر شہر کے ڈوور ایئر فورس بیس پر پہنچ گئی۔ اس موقع پر سوگوار خاندان کے افراد کے علاوہ امریکی نائب صدر مائیک پنس اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ فوجی 27 نومبر کو ایسے علاقے میں ہلاک ہوئے جہاں طالبان کی سرگرمیوں کو غیر معمولی قرار دیا جاتا ہے۔


پینٹاگون نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

مزیدخبریں