لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ فیض آباد دھرنے کے بعد لوگ اگلے الیکشن سے قبل ہی ہماری جماعت میں شامل ہونے کیلئے بڑی تعداد میں رابطہ کر رہے ہیں‘ اگر ہم فسادی قسم کے لوگ ہوتے تو شہادتوں کے بعد وہیں لاشیں لے کر بیٹھ جاتے اور مزید مطالبات کرتے۔
ایک انٹرویو میں علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ جب اشرف آصف جلالی اور ان کی جماعت اسلام آباد میں احتجاج کر رہی تھی اس وقت تو انہوں نے رانا ثنااللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کیا تو پھر اب کیوں کر رہے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ اشرف آصف جلالی کے برعکس ہم نے اپنا موقف نہیں بدلا، پہلے دن سے زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جیسے ہی وہ ملا ہم واپس آ گئے اور دھرنا ختم کر دیا۔ اگر ہم فسادی قسم کے لوگ ہوتے تو شہادتوں کے بعد وہیں لاشیں لے کر بیٹھ جاتے اور مزید مطالبات کرتے۔