سڈنی :اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کے بعد آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپرلیگ کی ٹیم ملتان سلطان کے ہیڈ کوچ ٹام موڈی نے بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان آنے کی عندیہ دیدیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے تیسرے سیزن کے فائنل میں پہنچی تو وہ پاکستان آئیں گے۔ایک انٹرویو میں ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ ' ہاں، میں پاکستان میں ٹیم کے ساتھ ہوں گا .
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں کھلاڑیوں کے پاکستان جا کر کھیلنے کے اعتماد کی سطح وقت کے ساتھ بہتر ہورہی ہے اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے پراعتماد ہیں اور میرا خیال ہے کہ یہ صرف وقت کے ساتھ ہی بڑھے گا۔ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ ڈرافٹ میں نہ صرف مقامی بلکہ انتہائی اعلی درجے کے کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جبکہ بین الاقوامی کھلاڑی بھی ہیں اسی لیے تمام ٹیموں کو اسٹار کھلاڑیوں تک رسائی ہوئی۔پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کے فائنل تک رسائی کی امید ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک بہتر ٹیم ہیں جو تجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں اور چند پرجوش نوجوان ٹیلنٹ پر مشتمل ہے اس لیے پورے ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم ایک مقابلہ کرنے والی ٹیم ہو گی۔