پیانگ یانگ:جھمشمالی کوریا نے حال ہی میں دور تک مار کرنے والے اپنے طاقت ورترین بین البراعظمی بلیسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کے کامیاب تجربے کے بعد ملک بھر میں جشن منایا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے ایک اخبار نے پہلے صفحے پر شمالی کوریا کے عوام کی جانب سے پیانگ یانگ کے کم اِل سنگ اسکوائر پر منائے گئے جشن کی تصاویر شائع کیں۔
ان تقاریب میں شریک افراد نے کامیاب میزائل تجربے کی حمایت میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ ہم اس ہواسنگ 15 کے کامیاب تجربے کی خوشیاں منا رہے ہیں جو پوری دنیا کے سامنے چوسن (شمالی کوریا)کی طاقت اور ظمت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ 29 نومبر کو شمالی کوریا نے اپنے اب تک کے سب سے زیادہ طاقت ور ترین آئی سی بی ایم کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعوی کیا تھا۔ماہرین کا ماننا تھا کہ پیانگ یانگ کے اس میزائل تجربے کے بعد وہ واشنگٹن سمیت امریکا کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگیا۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ میزائل آئی سی بی ایم رینج کا حامل ہے جو بھاری مقدار میں جوہر مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور با آسانی امریکا کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
امریکا اور شمالی کوریا کے واحد اتحادی ملک چین نے بھی پڑوسی ملک کی جانب سے آئی سی بی ایم کے تجربے پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے آئی سی بی ایم کے کامیاب تجربے کے بعد شمالی کوریا کے سربراہ کو 'بیمار کتا' قرار دیتے ہوئے مزید سخت پابندیوں کا عندیہ دیا تھا۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلے نے سیکیورٹی کونسل میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شمالی کوریا کے آمر نے اپنا انتخاب کر لیا
جس سے جنگ مزید قریب آ گئی ہے اور ہم سے زیادہ دور نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر جنگ چھڑی تو ہم کوئی غلطی نہیں کریں گے اور ہم شمالی کوریا کی قیادت کو مکمل طور پر نیست و نابود کر دیں گے۔واضح رہے کہ مذکورہ تجربہ شمالی کوریا کی جانب سے اب تک بین البراعظمی رینج کی صلاحیت کے حامل میزائل کا تیسرا تجربہ تھا اس قبل بھی پیانگ یانگ 2 مرتبہ ایسے میزائل کا تجربہ کر چکا ہے