لاہور: جنرل قمر جاوید باجوہ 56 سال کی عمر میں پاک فوج کی کمان سنبھالنے والے پاکستان کے 16 ویں آرمی چیف بنے ہیں لیکن راحیل شریف ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں. فوج کی تاریخ کے وہ سب سے عمررسیدہ جنرل تھے جس وقت آرمی چیف بنے .اسی طرح جنرل ایوب خان سب سے کم عمر آرمی چیف تھے جنہوں نے 43سال کی عمر میں پاک فوج کی کمان سنبھالی۔
ایک ریسرچ کے مطابق حال ہی میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے جنرل راحیل شریف 16 جون1956 میں پیدا ہوئے، جنرل راحیل نے نومبر 2013 میں جب پاک فوج کی کمان سنبھالی اس وقت ان کی عمر57 سال پانچ ماہ اور 13 دن تھی۔ جنرل راحیل پاکستان کے سب سے طویل العمر سپہ سالاروں میں پہلے نمبر پر ہیں۔دوسرے طویل العمر آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ رہے ہیں وہ 2 اگست1931 میں پیدا ہوئے انہوں نے17 اگست1988 میں پاک فوج کی کمان سنبھالی تو اتس وقت ان کی عمر57 سال اور 15 دن تھی۔تیسرے معمر آرمی چیف جنرل ٹکا خان تھے وہ 7 جولائی1915 میں پیدا ہوئے اور 28 مارچ2002 میں ان کا انتقال ہوا، انہیں 3 مارچ1972 میں پاک فوج کی کمان سونپی گئی اس وقت وہ 56 سال سات ماہ کے تھے۔ جنرل قمر باجوہ نومبر1960 میں پیدا ہوئے اس لحاظ سے ان کا شمار ملک کے چوتھے معمر ترین آرمی چیفس میں ہوتا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں کم عمر ترین سپہ سالاروں کی تفصیلات بھی سامنے لائی گئی ہیں اور وہ کچھ اس طرح ہیں، پاکستان کے پہلے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان14 مئی1907 میں پیدا ہوئے تھے وہ 19 اپریل1974 کو 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ پاک فوج کے 15 سربراہان میں جنرل ایوب خان سب سے کم عمر سپہ سالار ہیں۔ 17 جنوری 1951 میں بطور آرمی چیف جب انہوں نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو اس وقت ان کی عمر صرف43 سال آٹھ ماہ اور تین دن تھی۔ جنرل ایوب خان کے حصے میں دیگر آرمی چیفس کے مقابلے میں سب سے کم عرصے تک فوجی سروس کا ریکارڈ بھی آتا ہے،انہوں نے فوج میں 30 سال 10 ماہ اور 24 دن تک خدمات سرانجام دیں۔ جنرل ایوب خان نے فوج میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات کا آغاز2 فروری 1928 میں کیا اور صرف 22 سال11 ماہ کے قلیل عرصے میں 17 جنوری 1951 میں فوج کے سب سے اعلیٰ ترین منصب پر فائز ہو گئے جو ان کے شاندار کیریئر میں ایک بہترین اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنرل ایوب خان کی 43 سال کی عمر میں اپنے کیریئر میں بھرپور ترقی میں میجر جنرل محمد افتخار خان کی حادثاتی موت کا بھی بہت اہم کردار ہے۔ میجر جنرل افتخار خان 10جنوری 1907ءمیں پیدا ہوئے اور صرف 42سال کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا۔ جنرل ایوب خان سے پہلے پاک فوج کے پہلے پاکستانی کمانڈر انچیف کیلئے میجر جنرل افتخار خان کو نامزد کیا گیا تھا۔