کراچی : ٹیکنالوجی کے سہارے معاشرتی مسائل کا حل تلاش کرنے والے پاکستانی طالب علم سید فیضان حسین کوئینز ینگ لیڈر ایوارڈ 2017 اپنے نام کرلیا۔کوئینز ینگ لیڈر ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق سماجی ادارے سیلانی ویلفیئرٹرسٹ کے ذریعے سید فیضان حسین نے رضاکارانہ طور پر دو سو سے زائد غریب اور محروم طلبہ کو کمپیوٹر کی تعلیم سے متعارف کروایا۔
اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے معاشرے کے مسائل کا حل تلاش کرنے والے فیضان نے کئی پراجکٹس شروع کئے ہیں جس میں بول چال سے محروم افراد کے لیے ایجو-ایڈ ایپ ، بیماریوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے ون ہیلتھ جو ٹریکنگ سسٹم کی مدد کے ذریعے وبائی امراض سے متعلق آگاہی فراہم کرتی ہے۔
یاد رہے کہ کوئینز ینگ لیڈر کی جانب سے 18 سے 29 سال کے ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے خود کو منواتے ہیں۔اس پروگرام کا آغاز کوئین الزبتھ ڈائمنڈ جوبلی ٹرسٹ نے کامن ریلیف اور رائل کامن ویلتھ سوسائٹی کی شراکت سے 2014 میں کیا تھا۔