لندن: وزن کم کرنے کے لئے کیا کیا ترکیبیں ایجاد نہیں کی گئیں، لیکن آج تک کسی کے ذہن میں یہ خیال نہیں آیا تھا کہ جادو ٹونے سے بھی موٹاپے کا علاج کیا جا سکتا ہے۔یہ انوکھا طریقہ برطانیہ کی ایک خواجہ سرا جادو گرنی نے ایجاد کیا ہے، جس کا کہنا ہے کہ جادو ٹونے سے اس نے اپنا موٹاپا ختم کیا اور اب دوسروں کا موٹاپا بھی ختم کر رہی ہے ۔
30 سالہ خواجہ سرا سکائی والینٹینو کا کہنا ہے کہ وہ پہلے لڑکا ہوا کرتی تھی لیکن 18سال کی عمر کو پہنچنے پر اس نے ہارمون تھراپی کا آغاز کیاتاکہ خاتون بن سکے ، لیکن اس تھراپی کی وجہ سے اس کا وزن تیزی سے بڑھنے لگا۔سکائی کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے روحانیت کی جانب مائل رہی ہے اور خود کو سفید جادو گرنی تصور کرتی ہے ،یعنی وہ اپنے جادو کو صرف اچھے مقاصد کے لئے استعمال کرتی ہے۔اس کا کہنا ہے کہ جادو ٹونے کے ذریعے اس نے اپنے 120کلو گرام سے زیادہ وزن کو کم کرکے تقریباً آدھا کرلیا ہے۔
سکائی کے مطابق اس کے جنتر منتر کی وجہ سے جسم منفی اثرات سے محفوظ ہو جاتا ہے اور بے جا بھوک بھی نہیں لگتی ،جس کے نتیجے میں موٹاپا خود بخود کم ہونے لگتا ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ موٹاپے سے نجات پاکر اس کی زندگی بدل گئی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ اس مصیبت میں مبتلا دیگر لوگوں کو بھی خوشی کا پیغام دے ۔سکائی کا دعوی ہے کہ وہ اپنے جادو سے کئی موٹے افراد کی مدد کر چکی ہے اور آئندہ بھی اس خدمت خلق کو جاری رکھے گی۔