مصر میں سرکس میں لوگوں کی تفریح کے لیے رکھے گئے ایک شیر نے اپنے نگران پر حملہ کرکے اسے بری طرح زخمی کردیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ واقعہ سکندریہ کے الاسد قصبے میں اس وقت پیش آیا جب ایک سرکس کے نگران 25 سالہ اسلام شاہین نے بچوں کو شیر کا تماشا دکھانے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک شیر نے اچانک اچھل کر اسلام شاہین پر حملہ کردیا اور اسے بری طرح نوچ ڈالا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ سرکس کے نگران کو سکندریہ شہر کے اندلسیہ الاسلامہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شیر کی جانب سے کوچ پرحملے کے واقعہ کی ایک ویڈیو فوٹیج بھی انٹر نیٹ پر موجود ہے جس میں بچوں کوسرکس میں شیر کا تماشا دیکھنے کے دوران شیر کے حملے کے بعد بچوں کی چیخ پکار بھی سنائی دے رہی ہے۔ اسلام شاہین کے بھائی نے عدالت کو بتایا کہ شیر کے حملے میں اسلام شاہین کی کھوپڑی، سینے اور جسم کی کئی دوسری ہڈیاں توڑ دی تھیں۔ اس کے علاوہ اس کے چہرے، سینے اور گردن سمیت جسم کے دوسے حصوں پر بھی گہرے زخم آئے تھے۔ شیر کے حملے کے فوری بعد پانچ معاونین نے اسلام کو بچانے کی کوشش کی اور تیس سینکڈز کے اندر اندر وہ شیر کو اس کے پنجرے میں واپس لے گئے مگر شیر نے تیس سکینڈ ہی میں اپنے کوچ کو بری طرح چیر پھاڑ دیا تھا۔