برازیل: فٹ بال کی دنیا کے عظیم کھلاڑی پیلے آجکل چلنے پھرنے کے لیے 'واکر' کا استعمال کر رہے ہیں جنہیں وہ اپنے نئے "پہیوں والے فٹ بال جوتے" قرار دے رہے ہیں۔
ایک مشہور اخبار نے جمعے کو 76 سالہ پیلے کی ایک تصویر جاری کی، جس میں وہ واکر استعمال کر رہے ہیں۔ اس تصویر نے برازیل میں عوام کی توجہ بڑے پیمانے پر اپنی جانب مبذول کروائی۔ پیلے کے ترجمان ہوزے فورنوس نے کہا کہ پیلے گزشتہ سال اپنے آپریشن کے بعد سے مسلسل واکر یا چھڑی کا استعمال کر رہے ہیں۔ 2012ء میں کولہے کی ہڈی کے آپریشن کے بعد اسی جگہ پر پیلے کو تکلیف ہو رہی تھی جس پر 2015ء میں دوبارہ آپریشن کیا گیا تھا بلکہ ان کو کمر کی تکلیف کی وجہ سے بھی ایک آپریشن سے گزرنا پڑا۔
پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تین مرتبہ کے ورلڈ کپ جیتا ہے اور گزشتہ چند سالوں سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ کولہے اور کمر کے علاوہ وہ پیشاب میں انفیکشن اور پروسٹیٹ کی سرجری کے لیے بھی متعدد بار ہسپتال جا چکے ہیں۔ بلکہ فورنوس کے مطابق ان کے بائیں گھٹنے میں بھی تکلیف شروع ہوگئی ہے حالانکہ دائیں گھٹنے کی تکلیف پہلے سے موجود ہے۔
پیلے نے تین مہینے پہلے ریو میں ہونے والے اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی اور وجہ یہی صحت کے مسائل تھے۔ ترجمان نے ازراہ مذاق کہا کہ "امید ہے کہ اگلے چند مہینوں میں وہ کھیلنے کے لیے تیار ہو جائیں گے، فی الحال وہ بینچ پر ہیں۔"پیلے کو فٹ بال کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی سمجھا جاتا ہے جنہوں نے 1958ء، 1962ء اور 1970ء میں ورلڈ کپ جیتے تھے