بیجنگ : ضروری نہیں کہ گاڑی خریدنے والا ہر خریدار بڑے بڑے نوٹ ہی لے کر آئے، کیونکہ اگر خریدار اس منفرد چینی شخص جیسا ہے تو لاکھوں کی ادائیگی سکوں میں کرنے پر بھی اصرار کر سکتا ہے۔ بظاہر ناممکن نظر آنے والا یہ کام چینی صوبے ہینان کے شہر زینگ زو سے تعلق رکھنے والے ایک ادھیڑ عمر شخص نے واقعی کر دکھایا ہے۔
چائنہ یوتھ ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق شہر کے ایک کار ڈیلر کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب ایک خریدار پک اپ ٹرک میں لدے لاکھوں سکے لے کر نئی گاڑی خریدنے کے لئے آن پہنچا۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ رقم کی ادائیگی اپنے پاس جمع شدہ سکوں کی صورت میں ہی کرسکتا ہے جو درجنوں بوریوں میں بھرے ہوئے تھے۔ کار ڈیلر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ شخص کئی اور ڈیلرز سے بھی گاڑی خریدنے کی کوشش کر چکا تھا لیکن کسی نے بھی لاکھوں سکے قبول کرنے کی ہمت نہ کی، جس کے بعد بالآخر اسی نے فیصلہ کیا کہ وہ اس شخص کو گاڑی بیچے گا۔
2016ءکی وہ 10 سب سے بڑی خبریں جنہوں نے پورا سال پاکستانی سوشل میڈیا پر تہلکہ برپاکئے رکھا، خبر پڑھ کر آپ کی بھی یادداشت تازہ ہوجائے گی
اس منفرد خریدار کو ٹویوٹا لینڈ کروزر پراڈو پسند آئی جس کی قیمت 57ہزار ڈالر (تقریباً 57 لاکھ پاکستانی روپے) تھی۔ حیرت کی بات ہے کہ اس نے یہ تمام رقم اپنے پاس جمع شدہ سکوں کی صورت میں ادا کی۔ سکوں کی گنتی کے لئے شوروم پر ملازمت کرنے والی چار خواتین کی ڈیوٹی لگائی گئی، جنہوں نے 12 گھنٹے صرف کرکے تمام سکوں کو شمار کیا۔ بیچاری خواتین کا کہنا تھا کہ گنتی مکمل ہونے تک ان کے ہاتھ بری طرح دکھ رہے تھے، لیکن انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بالآخر گنتی مکمل ہوگئی۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ 57ہزار ڈالر کی سکوں میں ادائیگی کرنے والا شخص آٹے کی چکی چلاتا ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے پاس سکے جمع کرتا رہا تھا۔ وہ اس سے پہلے بھی جمع شدہ سکوں سے خریداری کرتا رہا ہے لیکن اس بار کی خریداری سب سے بڑی تھی۔