اسلام آباد: حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر وفاقی حکومت نے آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کر دیا۔ملک بھر میں آج بعد نماز جمعہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک خصوصی قرارداد پیش کی جائے گی۔تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، یہ واقعہ ترقی یافتہ ممالک کیلئے چیلنج ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کھلے عام درندگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حماس کےسربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل میں کہا کہ اسرائیل گزشتہ 9 ماہ سے فلسطین میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔شہروں کے شہر زمین بوس کر دیئے، اس طرح کی سفا کی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیل کے ریاستی ظلم کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیا، اجلاس میں پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینئر نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس میں شرکاء نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا، اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔شرکاء نے اتفاق کیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے، ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں مزید کشیدگی کی فضا کو ہوا دیتے ہیں۔