بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی دسویں سالگرہ پر مبارکباد کا خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی منظر نامے میں تبدیلیوں کے باوجود چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، 2013 میں اس منصوبے کے اجراء سے اب تک چین اور پاکستان نے سی پیک سے باہمی ترقی کے بے شمار اہداف حاصل کئے ہیں۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور دیرینہ دوستی کی واضح سند ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کو بحال کرنے میں اہم کردار ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ کاکہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی دسویں سالگرہ پر منصوبے کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے، دونوں ممالک کی فلاح و بہبود کیلئے توسیع دینے کا اعادہ کیا اور سی پیک میں مجموعی منصوبہ بندی کو بہتر کرنے اور باہمی تعاون کو توسیع دینے پر زور دیا۔