آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خطرہ

آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خطرہ
سورس: File

لاہور:  ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)  کا کہنا ہے کہ  پنجاب کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔  آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہوگا جس سے  لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خطرہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں 24 گھنٹوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ راولپنڈی نالہ لئی میں اگلے 24 گھنٹوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق  منگلہ ڈیم 86 فیصد اور تربیلا ڈیم 88 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں  جبکہ  دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ ستلج میں سلیمانکی اور اسلام ہیڈ میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہوگا، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  کے مطابق بارشوں سے نیلم ، مظفرآباد اور جہلم ویلی کے اضلاع متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ  لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خطرہ ہے۔

مصنف کے بارے میں