اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف فیصلہ سنائے جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قانونی ٹیم کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تناظر میں مشاورت کیلئے قانونی ٹیم کو طلب کیا ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر پارٹی قیادت کو ممنوعہ فنڈنگ کیس اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دے گی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان لیگل ٹیم کو آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کریں گے جبکہ لیگل ٹیم سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی سیاسی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لئے ہیں ۔ یہ فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔
چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ متفقہ فیصلہ ہے اور ثابت ہوا ہے کہ پی ٹی آئی نے 34 انفرادی، 351 کاروباری اداروں بشمول کمپنیوں سے فنڈز لئے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیت سے بھی فنڈز لئے جبکہ پی ٹی آئی نے 8 اکاؤنٹس کو تسلیم کیا اور 16 بینک اکاؤنٹس چھپائے جبکہ 13 نامعلوم اکاؤنٹس بھی سامنے آئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اکاؤنٹ چھپانا آئین کی خلاف ورزی ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے فارم ون جمع کرایا جو غلط تھا، پارٹی اکاؤنٹس کے حوالے سے دیا گیا بیان حلفی جھوٹا ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ، عمران خان نے قانونی ٹیم کو طلب کر لیا
01:16 PM, 2 Aug, 2022