اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا ’شوق پورا کر لیا الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر فیصلہ سنا کر۔ اب قوم جواب مانگتی ہے کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ رپورٹ کیوں نہیں جاری ہو رہی؟ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کی ہدایت کو پامال کر کے الیکشن کمیشن پی ڈی ایم جماعتوں کو پناہ دے رہی ہے۔‘
دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ اسامہ بن لادن سے 10 کروڑ روپیہ لینا ہوتا ہے۔ اسامہ بن لادن سے فنڈنگ کی گواہی بے نظیر بھٹو بھی دے چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ لیبیا اور عراق کے سربراہان سے فنڈز اور ڈالرز لینا ہوتا ہے۔ جے یو آئی اور دیگر پارٹیاں 80 اور70 کی دہائی میں معمر قذافی اور صدام حسین سے ڈالرز لیتی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے پی پی پی اور (ن) لیگ کا فیصلہ نہ سنا کر اعلیٰ عدالتوں کی توہین کی ہے۔