راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ملک کی خاطر مستعفی ہوں، تمام جماعتوں کیلئے ایک قانون ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج کے فیصلے سے کوئی ایسا بحران پیدا نہیں ہو گا جس کو مینج نہ کیا جا سکتا ہو، تمام جماعتوں کیلئے ایک قانون ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین موم کی ناک بن چکا ہے، یہ جہاں مرضی لے جائیں عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، آج بھی کھودا پہاڑ نکلا چوہا، نہ نو من تیل ہو گا، نہ رادھا ناچے گی، میں گواہی دینے کیلئے تیار ہوں کہ یہ خود اسامہ بن لادن سے پیسے لیتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لئے ہیں ۔ یہ فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔