کابل: امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان کے دارالحکومت کابل پر کئے گئے امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر قیمت پر امریکہ کا دفاع کریں گے اور اپنے دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے رواں سال اپریل میں نائن الیون حملے کی منصوبہ بندی میں شامل ایمن الظواہری کا پتہ چلا لیا تھا۔ واضح اور قابل شواہد پر ڈرون حملے کی اجازت دی اور دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا ایمن الظواہری نے حالیہ ہفتوں میں امریکہ اور اتحادیوں پر حملے کیلئے ویڈیوز جاری کیں، الظواہری کی ہلاکت سے امریکیوں کو انصاف ملا، اپنے دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گے اور ہر قیمت پر امریکہ کا دفاع کریں گے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ ایمن الظواہری کی کابل میں موجودگی طالبان کے ساتھ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے کیونکہ طالبان نے دہشت گردوں کو پناہ نہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمن الظواہری اپنے خاندان سمیت کابل کے سیف ہاؤس میں تھا اور اس کے مارے جانے کے بعد حقانی نیٹ ورک نے ان کے خاندان کے افراد کو مکان سے نکال لیا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے القاعدہ کے بانی لیڈر اسامہ بن لادن کو پاکستان میں کارروائی کر کے ہلاک کیا تھا جس کے بعد ایمن الظواہری نے القاعدہ کی کمان سنبھالی تھی اور ان سے متعلق معلومات دینے والے کیلئے امریکہ نے ڈھائی کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔
امریکی صدر نے ایمن الظواہری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
10:20 AM, 2 Aug, 2022