اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے 20 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گندم، چینی، دالوں اور چکن کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے گندم کے دستیاب وافر ذخائر پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دو لاکھ 20 ہزار ٹن گندم کی خریداری کے آرڈر دے دیئے گئے ہیں۔ اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیداوار نے چینی کے دستیاب ذخائر پر بریفنگ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی ضروریات کیلئے 6 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ وزیر خزانہ نے چینی، گندم، دالوں اور خوردنی تیل کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے ہمسایہ ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں پر بھی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ سیکریٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جولائی میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی میں مہنگائی کی شرح جون کی 9.7 فیصد کے مقابلے میں 1.3 فیصد کم ہوئی۔