واشنگٹن:مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے،پاکستان اب مزید افغان مہاجرین کی آمد برداشت نہیں کر سکتا ۔
امریکہ میں وزیر اعظم عمران خا ن کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین اگر مزید پاکستان کیخلاف استعمال ہوئی تو پاکستان بھر پور جواب دے گا ۔
واشنگٹن میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے معید یوسف نے کہا افغانستان کے بگڑتے حالات میں پاکستان اب مزید افغان مہاجرین کی آمد برداشت نہیں کریگا ۔
ایک سوال کے جواب میں مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افغانیوں کو پاکستان میں دھکیلنے کے بجائے ان کے ملک کے اندر رکھنے کے انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے طالبان پر پاکستان کے اثرو رسوخ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اتنا اثرو رسوخ نہیں ہے کہ افغان طالبان کو وہ کرنے پر مجبور کرسکیں جو وہ نہیں چاہتے۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ اپنے تھوڑے بہت اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ افغانستان میں جاری کشیدگی مزید خونریزی کا باعث نہ بنے۔