واشنگٹن :امریکا نے افغان پناہ گزینوں کیلئے ترتیب دیئے گئے خصوصی پروگرام میں توسیع کر دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ان افغانیوں کو ویزہ دیا جاسکے جن کو طالبان سے خطرہ ہے،
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا ان افغانیوں کو ترجیحی بنیاد پر ویزہ دے گا جوامریکی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں، میڈیا اور غیر سرکاری تنظیموں کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکا صرف فوج کیلئے ترجمان کا کام کرنے والے اور ان کے اہلخانہ کو’خصوصی تارکین وطن ویزا‘ پروگرام کے تحت ویزے دے رہا تھا۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ “امریکا کا مقصد ایک پرامن اور محفوظ افغانستان ہے۔ تاہم طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے پیش نظرحکومت نے امریکا کے ساتھ کام کرنیوالوں کی امریکا میں آبادکاری کا فیصلہ کیا ہے‘۔
افغانستان میں امریکا کی مدد کرنے والوں کو بعدازاں امریکا میں مستقل رہائش دی جائے گی۔ گزشتہ ہفتے200 افغان ترجمانوں کو امریکہ منتقل کیا گیا تھا۔
امریکی کانگرس کے ممبران نے حکومت پر دباؤ دیا ہے کہ وہ جلد از جلد لوگوں کی امریکا منتقلی کا بندوبست کرے۔ ایک اندازے کے مطابق کم سے کم700 افراد اور ان کے اہلخانہ امریکا روانگی کے منتظر ہیں۔
افغانستان کوآرڈینیشن ٹاسک فورس کے ڈائریکٹر ٹریسی جیکبسن نے کہا کہ جن کو ابھی تک ویزے نہیں ملے، انہیں کسی اور ملک منتقل کر دیا جائے گا تاکہ وہ محفوظ رہیں۔