اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہم ایکسپورٹ بڑھانے پر خاص توجہ دے رہے ہیں جب کہ میڈ ان پاکستان ہماری پالیسی ہے۔
رزاق داؤد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں ہماری برآمدات بڑھ کر 25.3 ارب ڈالر ہو گئیں تھیں۔ جون میں برآمدات 2.7 ارب ڈالر جب کہ جولائی میں برآمدات 2.3 ارب ڈالر رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے برآمدات پر مبنی اسٹریٹجی بنائی ہے۔ سب سے زیادہ ایکسپورٹ میں اضافہ آئی ٹی سیکٹر میں ہوا ہے۔ آئی ٹی سیکٹر نے 47 فیصد اضافے سے پہلی بار 2 ارب ڈالرز کی حدعبور کی۔ موٹرسائیکل مینوفیکچرنگ میں ماس انکم شروع ہو گئی ہے اور 10 ہزار موٹر سائیکل مینوفیکچرنگ کے کنٹریکٹ مل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے ٹیکسٹائل سیکٹر کےعلاوہ دیگرچیزوں کی ایکسپورٹ پر زیادہ توجہ دیں۔