کراچی : شہنشاہ غزل مہدی حسن کے بیٹے آصف مہدی انتقال کرگئے ۔
گلوکار آصف مہدی طویل عرصے سے شوگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے ۔ آصف مہدی کو چند روز قبل طبعیت خراب ہونے پر کراچی کے آغا خان ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں وہ پچھلے نو روز سے زیرعلاج تھے ۔ گذشتہ روز ان کو طبعیت زیادہ خراب ہونے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا ۔
آصف مہدی کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ان کے والد کا انتقال پھیپٹھروں میں انفیکشن کی وجہ سے ہوا ہے ۔
آصف مہدی کی طرف سے چند ماہ قبل حکومت سے علاج معالجے میں مدد کی درخواست بھی کی گئی تھی ۔
آصف مہدی نے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گلوکاری کو اپنایا ۔آصف مہدی نے اپنے والد کے انداز کو ہی اپنا یا اور کئی گیت ایسے گائے جن کو سن کر یہ شبہ ہوتا تھا کہ وہ شہنشاہ غزل مہدی حسن نے ہی گائے ہیں ۔
ان کی آواز میں شاعر احمد فراز کی غزل " سنا ہے لو گ اس کو آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں " پاکستانی فلم " جنت کی تلاش " میں شامل کی گئی جو بہت مقبول ہوئی
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں شہنشاہ غزل مہدی حسن خان کے بڑے صاحبزادے عارف مہدی حسن کراچی میں انتقال کر گئے تھے وہ ماہر طبلہ نواز تھے۔