اسلام آباد : چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت کو کشمیر پریمئیرلیگ پر آئی سی سی کے واضح جواب سے سفارتی محاذ پرایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑاہے تاہم کشمیر پریمئیرلیگ شیڈول کےمطابق ہوگی۔
شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ لیگ کشمیری نوجوانوں کواپنی صلاحیتیں اجاگرکرنےکاموقع فراہم کرے گی ، ہرشل گبز، تلکرتنے دلشان لیگ میں حصہ لینے کیلئے کل پاکستان پہنچیں گے، دونوں کھلاڑیوں اور ان کے کرکٹ بورڈز کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔
چیئرمین کشمیرکمیٹی نے امید ظاہر کی کہ پی سی بی جلد فخر زمان، شاداب خان ، عثمان قادر،امام الحق اور محمد حسنین کواین اوسی جاری کرے گا۔
انھوں نے بھارتی حکومت سےدرخواست کی کہ کھیل کوسیاست سےالگ رکھے، کھیل عوام کوجوڑتےہیں جبکہ نفرتیں لوگوں کو توڑتی ہیں، کرکٹ جینٹل مین گیم ہے، بھارت اپنی گندی سیاست سےآلودہ نہ کرے۔