اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے سوشل میڈیا پر زیر گردش وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے ساتھ وہ باتیں منسوب کی جا رہی ہیں جو انہوں نے نہیں کیں ۔
زاہد حفیظ چودھری نے داعش اور طالبان بارے زیر گردش وزیر خارجہ سے منسوب بیان کو گمراہ کن اور افسوسناک قرار دیدیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے افغانوں کو قبول امن عمل کی بات کی تھی ، شاہ محمود قریشی نے دہشتگردی کیخلاف افغانوں کے اتفاق رائے کی واضح بات کی اس لیے بیان کو کسی ایک فریق کی وکالت سے تعبیر کرنا غلط ہے ۔
اپنی وضاحت میں ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بارہا یہ کہہ چکا ہے کہ افغانستان میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں ، اپنے مستقبل کا فیصلہ ازخود کرنیوالے تمام فریقین کو مدنظر رکھتے ہیں ، پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا ۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے ۔ طالبان ہرات ، لشکر گاہ اور قندھار شہر میں داخل ہوگئے ۔ صوبہ ننگرہار کے ضلع اچین میں طالبان نے کئی چوکیوں پر قبضہ کر لیا ، صوبہ ہرات کے ہوائی اڈے پر طالبان کے حملے میں 4 افغان فورسز کے اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔