کراچی میں مزید 11 ویکسی نیشن سینٹرز نے کام شروع کر دیا

کراچی میں مزید 11 ویکسی نیشن سینٹرز نے کام شروع کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: حکومت سندھ کے اعلان کے بعد شہر قائد میں مزید 11 ویکسی نیشن سینٹرز نے کام شروع کردیا جو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے شہریوں کی ویکسی نیشن کریں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسپو سینٹر پر ویکسی نیشن کیلئے عوام کے شدید رش کے بعد حکومت سندھ نے 24گھنٹے کام کرنےوالے مزید 11 ویکسی سینٹرز قائم کر دئیے ہیں۔ ویکسی نیشن سینٹرز میں رات کے اوقات میں بھی عوام کا رش دیکھنے میں آیا جہاں عوام اپنی باری کے انتظار میں قطار میں لگے نظر آئے۔ 
محکمہ صحت سندھ نے عوام کی سہولت کیلئے ضلع وسطی میں سندھ گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال، سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد، سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی، ضلع شرقی میں ایکسپو سینٹر، اوجھا ہسپتال، ضلع جنوبی میں خالق دینا ہال، جناح ہسپتال، لیاری جنرل ہسپتال میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کئے ہیں۔ 
اس کے علاوہ ضلع غربی میں سندھ گورنمنٹ قطر ہسپتال، ضلع ملیر میں مراد میمن گوٹھ ہسپتال، ضلع کورنگی میں سندھ گورنمنٹ گورنگی نمبر 5 اور سندھ گورنمنٹ ہسپتال سعود آباد 2 میں 24گھنٹے ویکسی نیشن سہولت فراہم کی ہے۔ 
ایکسپو سینٹر میں پہلے ہی 24 گھنٹے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے جبکہ سی ویو کے قریب کلفٹن میں سہ پہر4 سے رات 12بجے تک ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے جس سے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔