لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں عدم شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی کرکٹرز پر کام کے بوجھ کو کم سے کم رکھنا پی سی بی کی ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کرکٹرز کے پی ایل میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز میں ہیں جس کے بعد افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی شیڈول ہیں۔
سمیع الحسن برنی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز، افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کی وجہ سے کھلاڑیوں پر کام کے بوجھ کو بھی مدنظر رکھنا ہے تاکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بھرپور شرکت کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پاکستان کا پریمیر ٹورنامنٹ ہے اور نیشنل ٹی 20 کپ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جبکہ کے پی ایل پرائیویٹ لیگ ہے جس میں پاکستان کے صرف ریٹائرڈ کرکٹرز شریک ہو رہے ہیں۔