لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مثبت کیسوں کی شرح میں مزید اضافے کی صورت میں ایک بار پھر پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانا پڑسکتا ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی چوتھی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور شہریوں کی حفاظت کیلئے حکومت کی جانب سے گائیڈ لائنز بھی جاری کی گئی ہیں جن پر عملدرآمد عوام کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس حوالے سے مزید پابندیوں سے بچنے کیلئے شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں اورسماجی فاصلے برقرار رکھیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے مناواں میں بھٹی میں گرنے سے مزدور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کی اور کہا کہ اس واقعے میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔