نیویارک : نیٹو کے جنرل سیکرٹری کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ امریکہ اور روس کے درمیان جوہری میزائلوں کی روک تھام سے متعلق معاہدے سے دستبرداری کے بعد ہتھیاروں کی نئی دوڑ سے بچنے کی کوشش کرے گا .
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولنبرگ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سرد جنگ کے معاہدے کے خاتمے کے لیے روس کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ، نیٹو اور امریکہ نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نئی قسم کا میزائل بنا کر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کی روس نے تردید کی ہے ۔
خیال رہے کہ انٹر میڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی کے معاہدے کے تحت 500سے 5500کلومیٹر تک مار کرنے والے جوہری میزائلوں پر پابندی لگا دی گئی تھی ۔
یہ معاہدہ سنہ 1987میں سابق امریکی صدر رونلڈ ریگن اور سابقہ سوویت یونین کے سربراہ میکائل گورباچوف کے درمیان طے پایا تھا تاہم تیس سال سے زیادہ عرصے بعد اس کے خاتمے سے اسلحے کی نئی دوڑ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔