بھارت نے کشمیر پر ثالثی کی ٹرمپ کی پیشکش کو پھر مسترد کر دیا

12:41 PM, 2 Aug, 2019

بنکاک: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو ایک بار پھر مسترد کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر مسئلہ کو کشمیر پاکستان اور بھارت کا معاملہ قرار دیا ہے اور اس حوالے سے تیسرے فریق کی مداخلت کو مسترد کر دیا۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بنکاک میں آسیان اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی جس کا حوالہ دیتے ہوئے جے شنکر نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا۔

بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے نئی دلی کے ارادے سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے۔

جے شنکر نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ کشمیر پر کسی بھی قسم کی بات چیت صرف پاکستان کے ساتھ ہی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران صدر ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی جس پر بھارت میں ایک کہرام برپا ہو گیا تھا۔

بھارت نے مودی کی جانب سے امریکی صدر سے کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی خبروں کو مسترد کر دیا تھا تاہم امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی۔

مزیدخبریں