پادری بحران ،دو وزرا کے خلاف امریکی پابندیاں کا جواب دیاجائے گا، ترکی

06:00 PM, 2 Aug, 2018

استنبول:ہمارے وزراءپر پابندیاں امریکہ کاجارحانہ اقدام ہے ،واشنگٹن غلط فیصلہ واپس لے -ترکی نے ایک عیسائی پادری کو زیر حراست رکھنے کے معاملے پر اپنے دو وزرا کے خلاف امریکا کی عائدکردہ پابندیوں کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ نے ترکی کے وزیر انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کے خلاف پروٹیسٹنٹ فرقے سے تعلق رکھنے والے پادری اینڈریو کریگ برونسن کو زیر حراست رکھنے کے الزام میں پابندیاں عائد کردی ہیں۔

وائٹ ہاس کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس کا کہنا ہے کہ ان دونوں ترک شخصیات نے پادری کی 2016 میں گرفتاری اور پھر زیر حراست رکھنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔امریکی اقدام کے ردعمل میں ترک وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس غلط فیصلے کو واپس لے،اس نے امریکی اقدام کو ایک جارحانہ موقف قرار دیا ہے۔

ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو نے وزیر خارجہ مولود شاوش اوغلو کا ایک بیان ٹویٹ کیا ہے۔اس میں انھوں نے کہا ہے کہ امریکا کی ہمارے دو وزرا پر پابندیوں کے نفاذ کی کوشش کسی جواب کے بغیر نہیں رہے گی۔

مولود شاوش اوغلو نے خود بھی ایک ٹویٹ کی ہے۔وہ لکھتے ہیں، کوئی ترکی کو سبق نہیں پڑھا سکتا۔ ہم کسی کی طرف سے بھی دھمکیوں کو قبول نہیں کریں گے۔قانون کی حکمرانی سب کے لیے ہے اور کسی کو استثنا حاصل نہیں ۔

مزیدخبریں