حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف نے بی این پی (مینگل) سے مدد مانگ لی

02:10 PM, 2 Aug, 2018

اسلام آباد: تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سے مددمانگ لی۔ تحریک انصاف کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں انہیں عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی گئی۔

پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں اور پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے۔ لاپتا افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عام انتخابات کے پرُامن انعقاد پر عالمی برادری نے خیر مقدم کیا، ترجمان دفتر خارجہ

اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک کے حکمرانوں کے جلے ہوئے ہیں اس لیے احتیاط کریں گے اور ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جبکہ لاپتا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کو وزیراعلی نامزد کر دیا جائے اور ہم آنکھیں بند کر کے حمایت کریں۔ جے یو آئی اتحادی ہے اور حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کرینگے۔

یار محمد رند نے کہا کہ اختر مینگل کے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھیں گے اور یقین ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد اختر مینگل کی جماعت اور ہم ساتھ چلیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں