اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے انہیں فوری طور پر آئیسولیشن میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ مختلف ٹیسٹوں کے بعد صدر مملکت کی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، اور وہ اس وقت ماہرین کی ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔
صدر زرداری کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے، اور ڈاکٹر عاصم نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صدر زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی افواہوں کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ "صدر آصف علی زرداری کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، ان شاء اللہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہوں گے۔"
صدر آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ وہ پارٹی کارکنوں سے عید بھی نہیں مل سکے تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔