اسلام آباد:پاکستان کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملہ شام کی خود مختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے۔اسرائیل کا حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بھی خلاف ہے،
ترجمان نے مزید کہا کہ متاثرین کے اہل خانہ، ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کےدارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتی تنصیبات پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا، حملے میں ایران کی القدس بریگیڈز کے کمانڈر سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے کے باعث ایرانی قونصل خانے کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، مرنے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔