میرے خلاف درج تمام مقدمات ختم کیے جائیں: عمران خان، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر

06:22 PM, 2 Apr, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : سابق وزیرا عظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپنے  خلاف درج تمام مقدمات کے اخراج کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔ 

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ  کل عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا ۔آئینی درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں وفاق، حکومت پنجاب ،ایف آئی اے اور نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے ۔ مؤقف اختیار کیا گیاہے کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ سیاسی بنیادوں پر ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک سو سے زائد کیسز درج کے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے ۔ 121 جھوٹے مقدمات درج کر دیے گئے ہیں یہ آئین کے آرٹیکل چار ، نو ، پندرہ ،سولہ کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ ان تمام مقدمات کو خارج کرنے کا حکم دے ۔ عدالت عالیہ عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات کا تفصیلی ریکارڈ طلب کرے اور کیس کے حتمی فیصلے تک درج مقدمات میں کارروائی سے روکا جائے ۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ کارروائی سے پہلے درخواست گزار کو نوٹس دے کر سننے کا موقع فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور عدالت گرفتار تمام سیاسی کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم بھی دے۔

مزیدخبریں