اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنے والی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے دونوں رہنماؤں بیرسٹر فروغ نسیم اور امین الحق کے استعفے منظور کر لیے جبکہ فروغ نسیم کے وزارت قانون سے مستعفی ہونے کے بعد چارج فواد چوہدری کو دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ انہیں وزارت قانون کا قلمدان مل رہا ہے جس کے بعد وہ سب سے پہلے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتیں منسوخ کروائیں گے، شہباز شريف کا وزيراعظم بننے کا خواب کرچی کرچی ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن میں شامل لوگ عالمی سازش کا حصہ ہیں، پاکستانی اس سازش کو پہچانتے ہوئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ابھی 48 گھنٹے ہیں ، ان باپ بیٹا کی سلوائی شیروانیاں لٹکی رہ جائیں گی اور پاجامے نہیں ملیں گے۔